{"product_id":"ghalib-غالب","title":"Ghalib غالب","description":"\u003cp\u003eقاضی عبدالستار دنیائے اردو کا نہایت ادب سے لیا جانے والا نام ہے کہ نہ صرف اردو آبادی بلکہ دنیا کی بڑی زبانوں میں بھی اس نام کو اعتبار و استناد حاصل ہے۔ ان کی پیدائش 8 فروری 1933ء کو سیتا پور، مچھریٹہ میں ایک جاگیر دار گھرانے میں ہوئی اور انتقال 29 اکتوبر 2018ء میں دہلی میں ہوا، علی گڑھ کے ایک قبرستان میں مدفون ہوئے۔ اس عمر طبعی کے طویل سفر میں انہوں نے ادب اور زندگی کا توازن کچھ اس طرح برتا کہ دونوں ہی ایک دوسرے کا عکس و معکوس نظر آتے ہیں۔ ان کی ادبی زندگی کی ابتدا بظاہر ان کے پی ایچ ڈی کے مقالے ’’اردو شاعری میں قنوطیت‘‘ 1963ء سے شروع ہوتی ہے لیکن اس سے قبل بھی انہوں نے ایک عمدہ اور طویل انقلابی نظم’گومتی کی آواز‘ لکھ کر ادبی حلقہ کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا تھا۔ اس نظم کی ہنگامہ خیزی کے باوجود قاضی عبدالستار نے شاعری سے خود کو دور رکھا کہ وہ اس بات پر مصر رہے کہ اظہار کی جو آزادی نثر میں ہے، نظم میں نہیں ہے۔ انہیں بڑا کینوس درکار تھا اور اس لئے وہ نثر کی طرف کل وقتی طور پر متوجہ رہے۔ ان کا دوسرا مقالہ ’’جمالیات اور ہندوستانی جمالیات‘‘ 1977 ء میں شائع ہوا۔ یہ مقالہ بھی اپنے آپ میں ایک نیا موضوع اور بالکل نئے وژن کے ساتھ سامنے آیا۔ اس کے بعد انہوں نے مکمل طور پر تخلیقی ادب سے اپنا رشتہ جوڑ لیا۔ یوں ان کا پہلا افسانہ ’اندھا‘ ہے مگر ’پیتل کا گھنٹہ‘ سے انہیں شہرت ملی۔ قاضی عبدالستار نے اپنے افسانوں میں اودھ کی معاشرتی زندگی کو خاص طور سے ملحوظ خاطر رکھا اور بیشتر کہانیوں میں ایک خاص تہذیب پر ایک نئی تہذیب کے غلبے کو بیان کیا ہے۔ ایک مانوس معاشرہ جسے انگریزوں کی آمد نے کچل ڈالا، قاضی صاحب اپنے افسانوں میں اسی مانوس تہذیب کا نوحہ کرتے نظر آتے ہیں۔\u003cbr\u003e\nناول نگاری کے میدان میں انہوں نے اسلامی تاریخ کا انتخاب کیا اور یقینا ان کا وہ انتخاب بہت مشکل تھا۔ مشکل اس لئے کہ تاریخی موضوعات کو برتنے میں مبالغہ آرائی کا امکان غالب رہتا ہے، ساتھ ہی تاریخ کے ایک ایک گوشہ پر نظر رکھنا ایک کار محال ہے۔ بہرحال، انہوں نے ایک طرف اسلامی تاریخ پر مبنی خالد بن ولید، صلاح الدین ایوبی جیسے معرکۃ الآرا ناول لکھے تو دوسری طرف ہندوستانی تاریخ پر مبنی ناول ’داراشکوہ، اور ’غالب‘ لکھ کر انہوں نے ناول نگاری کی جیسے روایت ہی بدل ڈالی۔ پلاٹ کے مطابق ناول میں منظر کشی اور کردار کے موافق کالمے، کمال تو یہ ہے کہ انہوں اسلامی تاریخ کی منظر کشی اور ہندوستانی تاریخ کی زمین پر مغلیہ عہد کی تصویر کشی میں جو حد فاصل قائم رکھی ہے ،اسے پڑھ کر دل کو یہ اطمینان ضرور مل جاتا ہے کہ ناول کی کہانی کوئی خیالی دنیا سے نہیں بلکہ حقیقت پر مبنی ہے۔ اس کے کردا ایک جانے پہچانے ماحول کے دیکھے بھالے بہت قریب کے ہیں۔ ناول کا بیانیہ ایسا کہ جیسے وہ تمام معرکے، مرحلے اور روز و شب کے ہنگامے آنکھوں کے سامنے ہیں۔\u003c\/p\u003e\n\n\u003cp\u003eقاضی عبدالستار کو لفظیات کا جادو گر کہا جاتا ہے۔ وہ ایک ایسے اسلوب کے موجد مانے جاتے ہیں جس کی تقلید معاصرین کرتے آئے ہیں۔ جس جاگیردارانہ ماحول میں ان کی پرورش ہوئی اور جو عادات و اطورا ان کی سرشت میں شامل تھے، وہی چیزیں ان کی تحریروں میں بھی جھلکتی ہیں۔ انہوں نے بچپن سے جوانی تک اور طالب علمی سے معلمی تک جس شعور کو اپنا شعار بنایا اسے سبکدوشی سے عمر کے آخری ایام تک اسی شان بے نیازی سے برتا۔ 1974 میں انہیں پدم شری اعزاز سے نوازا گیا، اس کے علاوہ درجنوں اعزازات انہیں حاصل ہوئے۔ ناول 'خالد بن ولید' کے علاوہ ان کے کئی ناولوں کے تراجم  دنیا کی متعدد زبانوں میں  شائع ہوئے ہیں۔\u003c\/p\u003e","brand":"Qazi Abdul Sattar","offers":[{"title":"Default Title","offer_id":44704794017826,"sku":null,"price":600.0,"currency_code":"PKR","in_stock":true}],"thumbnail_url":"\/\/cdn.shopify.com\/s\/files\/1\/0779\/9531\/1138\/files\/InShot_20241118_172325918.jpg?v=1767449922","url":"https:\/\/www.onlineurdubazar.pk\/products\/ghalib-%d8%ba%d8%a7%d9%84%d8%a8","provider":"Online Urdu Bazar","version":"1.0","type":"link"}